ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

ایران میں کورونا وائرس کے 9ہزار کیسز رجسٹر ہوچکے ہیں، نامور سیاستدان اور سینئیر ترین نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی وائرس سے متاثر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 11 مارچ 2020 23:44

ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 مارچ2020ء) : ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اب تک ایران میں کورونا وائرس کے 9ہزار کیسز رجسٹر ہوچکے ہیں جس میں نامور ایرانی سیاستدان اور نائب صدر جہانگیری بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسحاق روحانی ایران کے 12 نائب صدور میں سے سب سے زیادہ سینئر نائب صدر ہیں۔

ایرانی نیم سرکاری ایجسنی کی جانب سے جاری کردہ لسٹ کے مطابق اسحاق جہانگیری بھی وائرس سے متاثرہ افراد میں شامل ہیں۔ اسحاق جہانگیری ایران میں اس وائرس سے متاثر ہونے والے سب سے اہم عہدیدار ہیں۔ اب تک ایران میں 354افراد اس وائرس کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 9ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر حسن روحانی کو کورونا وائرس کیخلاف مہم کا سربراہ مقرر کردیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کربلا میں نمازجمعہ کیاجتماعات منسوخ کردیئے گئے ۔بحرینی وزارت صحت کے مطابق بحرین میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 189ہوگئی۔دوسری جانب کویت میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 72 ہوگئی۔انڈونیشیامیں کورونا وائرس کے 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پہلی ہلاکت بھی ہوگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا، 114 ممالک میں 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، 4 ہزار 291 ہلاک ہو چکے، تمام ممالک سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں بے قابو ہو چکا ہے جس کے بعد اسے عالمی وبا قرار دینے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بھی کسی بیماری یا وائرس کیلئے وبا کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے، تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔