Live Updates

جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس

پنجاب حکومت کا یہ اقدام عمران خان کے بیانات اور ملاقاتیں روکنے کی کوشش قرار

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 ستمبر 2025 13:04

جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف جی ایچ کیو حملے کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس اور نو مئی مقدمات کا ٹرائل اب اڈیالہ جیل کی بجائے انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں ہی ہوگا، اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے ایک نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے تحت کیس کی سماعت کے دوران ضرورت پڑنے پر عمران خان کو ویڈیو لنک پر پیش کیا جائے گا، جی ایچ کیو حملہ کیس اور دیگر مقدمات کے دیگر ملزمان اے ٹی سی راولپنڈی میں پیش ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ آج 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت تھی، جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی ہوگئی، جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت نے بتایا ایک نوٹیفکیشن آرہا ہے، ہمیں بتایا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس جیل سے دوبارہ اے ٹی سی راولپنڈی میں آرہا ہے جہاں عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا، ہم عدالت میں درخواست دے رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا جائے، ہم پنجاب حکومت کے ایسے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر صحافی وکورٹ رپورٹر ڈالقرنین اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیانات اور ملاقاتیں روکنے کیلئے پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن واپس لیا ہے، سماعت اب انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوا کرے گی اور عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔                            
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات