مجرموں کی میڈیا ٹاکس قانون سے سنگین مذاق ہی: خرم نواز گنڈا پور

یہ نظام لٹیروں کو نہیں صرف غریبوںکو پکڑ تاہی: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

جمعرات 12 مارچ 2020 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ن لیگ کے مجرموں ،سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کی جماعت کے ’’ضمانتی ٹولے ‘‘ کی میڈیا ٹاک کو قانون سے سنگین مذاق قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کونسی سیاسی ،جمہوری اخلاقیات ہے کہ اربوں کی کرپشن میں ملوث عناصر قوم کو جمہوریت کا درس دے رہے ہیں جوقانونی سہولتیں ن لیگی لٹیروں کو مل رہی ہیں کیا باقی مجرموں اور زیر تفتیش ملزموں کو میسر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر سزا یافتہ میڈیا پر آ کر اپنا موقف بیان کر سکتے ہیں تو جیلوں میں بند باقی قیدی کیوں نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجرموں کی میڈیا ٹاک پر پیمرا ایکشن کیوں نہیں لے رہا انہوں نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی کہتے ہیں کہ یہ ظالم نظام چوروں لٹیروں کا محافظ ہے ،یہ نظام لٹیروں کو نہیں پکڑ سکتا ہے ، صرف غریبوں اورکمزروں کی گرفت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہدا ماڈل ٹائون کے لواحقین 5سال کے بعد بھی انصاف سے محروم ہیں اور سانحہ ماڈل ٹائون کے اسیر محمد سلطان کا علاج شروع کروانے کیلئے مہینوں دفتروں کے چکر کاٹنے پڑے جبکہ جعلی مریضوں کو ائیر ایمبولینس پر پروٹوکول کے ساتھ لندن روانہ کیا جاتا ہے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس نظام میں چوروں قاتلوں کے خلاف حرکت میں آنے کا دم خم ہوتا تو سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل کھلے عام دندناتے نظر نہ آتے ۔