پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی تصدیق

4روز قبل یورپ سے براستہ دبئی، لاہور آنے والے مسافر نے شبہ ہونے پر ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 مارچ 2020 16:33

پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مارچ 2020ء) : پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے تصدیق کی ہے کہ 4روز قبل دبئی سے لاہور آنے والے مسافر نے شبہ ہونے پر ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے تصدیق کی ہے کہ مسافر نے ایک نجی لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا جس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

متاثرہ شخص کو آئسولیش میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کے گھر کے ملازمین اور اہلِ خانہ کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ رپورٹ آنے پر سرکاری طور پر تصدیق کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اس ھوالے سے خبر آئی تھی کہ لاہور میں کوروناوائرس کا کیس سامنے آیا ہے لیکن بعد میں ترجمان حکومتِ پنجاب نے اس کی تردید کردی تھی کہ ایسا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے, ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے کہا تھا کہ ابھی تک پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک بھی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے مسرت چیمہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا تھا کہ پنجاب میں ابھی تک 90لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے البتہ تاحال کوئی مریض سامنے نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیشِ نظر صوبہ پنجاب میں دفعہ 144نافذکردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے یہ اقدام کورونا وائرس کو روکنے کیلئے اٹھایا ہے۔ صوبے میں عوامی اجتماعات اور گروپس کے اکٹھے ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے ناقص انتظامات پر سروسز ہسپتال کے ایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے سہولیات فراہم نہ کرنے پر ایم ایس سروسز ہپستال سلیم شہزاد چیمہ کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور انی جگہ پر ڈاکٹر افتخار احمد نئے ایم ایس تعینات ہوئے ہیں۔