پنجاب حکومت کا صوبے کی تمام یونیورسٹیز کے ہاسٹلز کو آئسولیشن وارڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ہاسٹلز کے طلباء کو اپنا سامان ہاسٹل کے وارڈن کے حوالے کر کے ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 مارچ 2020 20:34

پنجاب حکومت کا صوبے کی تمام یونیورسٹیز کے ہاسٹلز کو آئسولیشن وارڈز ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16مارچ 2020ء) پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام یونیورسٹیز کے ہاسٹلز کو آئسولیشن وارڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ہاسٹلز کے طلباء کو اپنا سامان ہاسٹل کے وارڈن کے حوالے کر کے ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاکہ ہاسٹلز کو آئسولیشن وارڈز بنایا جاسکے۔ غازی یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف ڈیرہ غازی خان اور پنجاب یونیورسٹی کو فی الوقت آئسولیش وارڈ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ بھر کی نجی جامعات کو بھی 5 اپریل تک عملے اور اساتذہ کو کیمپس سے دور رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک کے تمام ائیر پورٹس پر خواتین و بچوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ ایوی ایشن ڈویژن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کے اندر رش ختم کرنے کے لئے فوری کارروائی کی جائے، لوگوں کو ہوائی اڈوں کے بیرونی احاطے پر روکا جائے۔

(جاری ہے)

کسی بھی شخص کو علاقائی اور بین الاقوامی لاؤنجز کی آمد میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خواتین و بچے ائیرپورٹ کی حدود میں داخل نہیں ہونگے، ہوائی اڈے فوری اپنے احاطے سے بینچ ہٹا دیں۔ مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈرائیوروں کو صرف پارکنگ ایریا تک ہی محدود رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔یہ تمام اقدامات کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے جارہے ہیں۔

پاکستان میں پیر کی شام وائرس کے 108 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر معاملات سندھ کے تھے۔ دوسری جانب والڈ سٹی اتھارٹی نے پنجاب حکومت کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے تاریخی شاہی قلعہ کو بھی 5 اپریل تک سیاحوں کے لئے مکمل طور پر بند کردیا ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کا متعلقہ سٹاف دیوٹی پر موجود رہے گا،اس دوران کسی بھی ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔