دنیا بھر میں موجود اماراتی شہریوں کو ہنگامی طور پر وطن واپس آنے کا حکم

کرونا وائرس خدشات اور بیشتر ممالک کے فلائٹ آپریشنز بند ہونے کے باعث اماراتی حکومت نے متحدہ عرب امارات سے باہر مقیم اپنے شہریوں کو جلد سے جلد واپس لانے کی کوششیں شروع کر دیں

muhammad ali محمد علی منگل 17 مارچ 2020 03:25

دنیا بھر میں موجود اماراتی شہریوں کو ہنگامی طور پر وطن واپس آنے کا حکم
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مارچ 2020ء) دنیا بھر میں موجود اماراتی شہریوں کو ہنگامی طور پر وطن واپس آنے کا حکم، کرونا وائرس خدشات اور بیشتر ممالک کے فلائٹ آپریشنز بند ہونے کے باعث اماراتی حکومت نے متحدہ عرب امارات سے باہر مقیم اپنے شہریوں کو جلد سے جلد واپس لانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کیا ہے۔

اماراتی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ایسے وہ تمام اماراتی شہری جو اس وقت مختلف ممالک میں مقیم ہیں، فوری وطن واپس آ جائیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اماراتی سفارت خانوں سے رابطہ کریں اور اپنی جلد واپسی کی کوشش کریں۔ یہ ہدایت ایسے موقع پر جاری کی گئی ہے جب دنیا کے بیشتر ممالک اپنا فلائٹ آپریشن بند کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خلیجی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی وزارت صحت کے مطابق امارات میں مزید 12 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی گنتی 98 ہو گئی ہے۔

ان تمام افراد کو قرنطینہ میں منتقل کر کے ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ اماراتی حکومت کے موثر انتظامات کے باعث اگرچہ مریضوں کی گنتی میں بہت زیادہ اضافہ نہیں ہو رہا، تاہم امارات میں مقیم مقامی اور تارکین وطن تشویش کا شکار ہیں۔

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے ایک تازہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں بزرگ افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنا تمام تر وقت گھر پر ہی گزاریں اور پْرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔معمر افراد کے نام جاری اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ بڑی عمر کے افراد کورونا وائرس کا آسان شکار ثابت ہو رہے ہیں، اس لیے انہیں اس موذی مرض سے بچنے کی خاطر زیادہ محتاط رویہ اپنانا ہو گا اور زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

وزارت صحت نے اماراتی اور تارکین وطن سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر میں موجود برزگوں کا خاص خیال رکھیں۔ان کی صحت کے تحفظ کی خاطر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ جس میں ان کے باقاعدگی سے ہاتھ دْھلانا اور انہیں صاف سْتھرا ماحول فراہم کرنا شامل ہے۔وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امارات میں مقیم افراد کو کرونا وائرس کی وبا سے بچانے کی خاطر نگرانی کا عمل تیز تر کیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت کی جانب متعارف کیے گئے پروٹوکولز اور معیارات کو سامنے رکھ کر متاثرہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ موثر علاج کے باعث کرونا وائرس کے بیشتر مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقی مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے جن پر قابو نہ پایا جا سکا۔