کورونا وائرس 163 ممالک تک پھیل گیا، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 7893 ہوگئی، 1 لاکھ 94515 افراد وائرس کا شکار

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 345، اسپین میں 168، ایران میں 135، ہالینڈ میں 19، برطانیہ میں 16، چین میں 13، امریکہ میں 11 ہلاکتیں ریکارڈ، بنگلہ دیش اور برازیل میں پہلی ہلاکت کی تصدیق، اٹلی میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 2500 سے تجاوز کر گئی

منگل 17 مارچ 2020 23:05

کورونا وائرس 163 ممالک تک پھیل گیا، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 7893 ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) کورونا وائرس نے 163 ممالک کو اپنی لپٹ میں لے لیا ہے، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 7893 تک پہنچ گئی ہے، 1 لاکھ 94515 افراد وائرس کا شکار ہوئے، 81085 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ کی گئیں جہاں پر وائرس کا شکار 345 افراد دم توڑ گئے، وائرس نے اسپین میں مزید 168، ایران میں 135، ہالینڈ میں 19، برطانیہ میں 16، چین میں 13 اور امریکہ میں 11 زندگیوں کو نگل لیا، بنگلہ دیش اور برازیل میں پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس تیزی سے دوسرے ممالک میں پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک 163 ممالک اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 94515 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7893 تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ ہوئی ہیں جہاں پر مزید 345 افراد وائرس کے باعث دم توڑ گئے، اسطرح اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 2503 ہو گئی ہے جبکہ 3526 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 31506 ہو گئی ہے، اسپین میں 168 مزید افراد لقمہ اجل بن گئے، اسطرح وہاں پر ہلاکتوں کی تعداد 510 ہو گئی ہے جبکہ 1467 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ایران میں وائرس کا شکار مزید 135 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 988 ہو گئی ہے جبکہ 1178 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 16169 ہو گئی ہے۔

ایران وزارت صحت حکام کے مطابق اب تک 5389 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 9792 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ہالینڈ میں 19 ہلاکتوں کے بعد تعداد 43 ہو گئی ہے اور 292 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، برطانیہ میں مزید 16 اور امریکہ میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 71 اور امریکہ میں 94 ہو گئی ہے، چین میں وائرس نے مزید 13 زندگیوں کو نگل لیا، چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3226 ہو گئی ہے جبکہ 21 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 80881 ہو گئی ہے،68715 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ 8940 افراد ابھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 3226 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، سوئٹزرلینڈ میں 8، جرمنی اور جنوبی کوریا میں مزید6، 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

ملائیشیا، انڈونیشیا اور ثان مرینو میں 2، 2 آسٹریا، سویڈن، جاپان، کینیڈا، یونان، پولینڈ، بھارت، عراق، الجیریا اور مراکش میں ایک، ایک ہلاکت ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور آئس لینڈ میں پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔