پاک فضائیہ کے سربراہ کا ونگ کمانڈر نعمان اکرم (شہید)کو خراجِ عقیدت، آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 20 مارچ 2020 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2020ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے گذشتہ ہفتے یوم پاکستان پریڈ کی ریہرسل کے دوران طیارے کے حادثے میں شہیدہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ائیر چیف نے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید پائلٹ نے اپنی زندگی مادرِ وطن پر قربان کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان پی اے ایف بیس مصحف پہنچے جہاں انہوں نے نمبر 9 ملٹی رول اسکواڈرن کا دورہ کیا جس کی قیادت ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید اپنی شہادت سے قبل کر رہے تھے۔ ائیر چیف نے اسکواڈرن کے پائلٹس کیساتھ F-16طیارے میں ایک آپریشنل تربیتی مشن میں حصہ بھی لیا۔ انہوں نے اسکواڈرن کے عملے سے ملاقات کی اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔