کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کا مثبت کردار قابل ستائش ہے ،

نوجوان مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کیلئے تیار ہو جائیں، صدر مملکت گھروں تک محدود ہونے پر لوگ پریشان نہ ہوں، یہ آزمائش ہمیں مزید مضبوط بنائے گی اور ہم بحیثیت قوم اس سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، ڈاکٹر عارف علوی کابیان

جمعہ 20 مارچ 2020 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کیلئے تیار ہو جائیں،گھروں تک محدود ہونے پر لوگ پریشان نہ ہوں، یہ آزمائش ہمیں مزید مضبوط بنائے گی اور ہم بحیثیت قوم اس سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

جمعہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر لڑنا ہے، اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جانب سے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہی دی اور کہا کہ میل جول میں احتیاط برتتے ہوئے اپنے ہاتھوں اور چہرے کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کے حوالہ سے بعض اہم نکات کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک جنگ ہے جو میں خود بھی اور آپ سب بھی اپنے گھروں میں لڑ رہے ہیں لہٰذا میں نے سیاسی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی تھی کہ عوامی آگہی کیلئے ذمہ داری کے ساتھ مہم چلائیں، میں سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں اور تمام میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیاری اور احتیاط کے بارے میں مثبت باتوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا کے خلاف جنگ گھر گھر لڑنی ہے، یہ عام جنگ نہیں ہے، زلزلہ یا سیلاب جب کہیں آتا ہے تو لوگ وہاں جا کر اس صورتحال سے نمٹتے ہیں لیکن یہ ہر گھر کی بات ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین کے تجربے کے پیش نظر یہ بات بتانا ضروری ہے کہ سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے علاوہ سماجی اداروں کی یوتھ تنظیمیں بھی اپنی تیاری شروع کردیں، نوجوان گھر گھر جاکر لوگوں کی مدد کیلئے تیار رہیں تاہم اپنی احتیاط پہلے کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں سماجی بہبود کے اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو عوامی خدمت کیلئے آگے آئے ہیں اور ضرورت کے تحت لوگوں کو کھانا فراہم کر رہے ہیں، مجھے اپنی قوم پر پورا یقین ہے کہ یہ اس آزمائش سے مضبوط ہو کر نکلے گی، اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اس وقت کی ضروریات کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ زکوة اورخیرات کے حوالے سے پاکستان کے اندر جتنا جذبہ ہے اس سے ہم لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے اپنی زکوة اور خیرات ابھی سے نکالنا شروع کردیں تاکہ ضرورت کے مطابق خرچ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز ہمارا ہراول دستہ ہیں، میں ان کی ہمت بڑھانا چاہتا ہوں اور انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ قوم آپ پر انحصار کر رہی ہے، آپ اپنی احتیاط بھی کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج جب چین کے اندر کورونا پر قابو پا لیا گیا ہے تو وہاں ڈاکٹروں کی ستائش کیلئے ان کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں ہم بھی اپنے ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں تک محدود ہونے پر لوگ پریشان نہ ہوں، یہ آزمائش ہمیں مزید مضبوط بنائے گی اور ہم بحیثیت قوم اس سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔