سندھ حکومت نے صوبے کو لاک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا

لاک ڈاؤن ممکنہ طور پر 15 روز کیلئے ہوگا، صورتحال کرفیو جیسی ہوگی: ذرائع

Ahmad Tariq احمد طارق ہفتہ 21 مارچ 2020 23:40

سندھ حکومت نے صوبے کو لاک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ 2020ء) سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن ممکنہ طور پر 15 روز کیلئے ہوگا، صوبہ سندھ میں صورتحال کرفیو جیسی ہوگی۔

ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سول و عسکری قیادت کو اعتماد میں لے لیا ہے، حتمی اعلان کل کردیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن ہونے کے بعد بلا ضرورت گھر سے نکلنے، گاڑی سڑک پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل اسٹورز اور کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گے، جو کوئی بھی شخص احکامات کی خلاف ورزی کرے گا، اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کرنے کی خواہش نہیں تھی لیکن حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے مشکل فیصلے کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مشاورت ہوئی کہ لاک ڈاؤن کیسے کرنا ہے۔ 15 دن تک صوبے کو لاک ڈاؤن کرنے کی تجویز آئی تھی، تاہم ابھی اسٹریٹیجی بنائے جائے گی، اسی کے مطابق کام کیا جائے گا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے ملک کو مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل لاک ڈاؤن ہے، ہردن اور گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلہ مشکل بنا رہی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ہم کیا کریں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے؟ ہمیں دیگر ملکوں کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کیلئے گھروں پر رہیں۔

حکومت کے لاک ڈاؤن کی تیاری تک عوام گھروں پر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھے کیلئے پرامید اور بدترین کیلئے تیار رہنا ہے۔ کیونکہ ہمارا صحت کا نظام بدترین صورتحال کا مقابلہ کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ صوبوں کو لوگوں کے زیادہ ٹیسٹ کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی مدد چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کی جانب جانا ہوگا۔ تاہم اب سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔