کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پوری قوم (آج ) یوم پاکستان انتہائی سادگی کے ساتھ منائے گی

اتوار 22 مارچ 2020 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پوری قوم (آج ) پیر 23مارچ کو یوم پاکستان انتہائی سادگی کے ساتھ منائے گی۔ اس حوالے سے یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی پریڈ کو پہلے ہی منسوخ کیا جا چکا ہے جبکہ ایوان صدر میں منعقد ہونے والی قومی اعزازات دینے کی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات جاری کیے ہیں جس کا مقصد یوم پاکستان کے تاریخی دن اور اہمیت کو اجاگر کرنا اور قومی یکجہتی کے اس پیغام کو فروغ دینا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے ہمارے اکابرین نے برصغیر کے مسلمانوں کو ہندو اکثریت سے آزادی دلائی اور آزاد مملکت کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستانی قوم ہر سال اس دن کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے لیکن اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے کے پیش نظر یہ دن انتہائی سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔