سعودی وزارت حج نے وزارت مذہبی امور کو حج 2020ء کیلئے حجاج کی خدمات، رہائش اور ان کی نقل و حمل کے حوالہ سے معاہدوں سے روک دیا

اس وقت تک نئے معاہدے نہ کریں جب تک کورونا وائرس کی سمت کا تعین نہ ہو جائے، ترجمان وزارت مذہبی امور

جمعرات 26 مارچ 2020 17:13

سعودی وزارت حج نے وزارت مذہبی امور کو حج 2020ء کیلئے حجاج کی خدمات، رہائش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) سعودی وزارت حج نے وزارت مذہبی امور کو حج 2020ء کیلئے حجاج کی خدمات، رہائش اور ان کی نقل و حمل کے حوالہ سے معاہدوں سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تک نئے معاہدے نہ کریں جب تک کورونا وائرس کی سمت کا تعین نہ ہو جائے۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سعودی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کی طرف سے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری کو لکھے گئے خط میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2020ء کے معاہدے کا حوالہ دیتے کہا گیا ہے کہ اس سال حج 1441ھ (2020ئ) میں مناسک حج کی ادائیگی کیلئے آنے والے پاکستان کے حج کیلئے خدمات، رہائش اور اسی طرح کی نقل و حمل کے تفصیلی معاہدے کرنے کی ضرورت ہے۔

خط میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے وسیع پیمانے پر ہونے والی پیشرفت کی وجہ اور اس وائرس کی مقامی اور عالمی سطح پر روک تھام کرنے کیلئے صحت کے مخصوص اداروں کی سفارشات اور مسجد نبویؐ، مسجد الحرام کیلئے آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے عمل کو مدنظر رکھا جائے تاکہ حجاج کی صحت برقرار رہے۔

(جاری ہے)

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ وزارت مذہبی امور نئے معاہدے اس وقت تک نہ کرے جب تک کورونا وائرس کی سمت کا تعین نہ ہو جائے۔ وزیر مذہبی امور نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ سعودی حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو اور اس کے نتائج اور نئی پیشرفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور احتیاطی تدابیر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں کوئی نئی پیشرفت ہوئی تو پاکستان کو مطلع کیا جائے گا۔