حکومت کا بنکاک میں پھنسے 160پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کےذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ

خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر کل رات 8بجے بنکاک سے پاکستان واپس روانہ ہوگی: معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 27 مارچ 2020 23:50

حکومت کا بنکاک میں پھنسے 160پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کےذریعے وطن واپس ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ 2020ء) حکومت نے بنکاک میں پھنسے 160پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کےذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر کل رات 8بجے بنکاک سے پاکستان واپس روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ بیرون مما لک پھنسے پاکستانیوں کی ہر ممکن مد د کی جا رہی ہے اور بیرون مما لک میں مقیم تمام پاکستانیوں پر گہری نظر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے تما م ائیرپورٹس پر انتظامات مکمل ہیں اور ہوائی اڈوں پر مسا فروں کی ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے ملکی فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث سیکڑوں پاکستانی مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں وطن واپس لانے کے لیے حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو ایک ہی وقت میں واپس نہیں لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وسائل اور سہولیات کی کمی کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے اور اس سے کورونا مزید پھیل سکتا ہے اس لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ پاکستانیوں کو 4 تاریخ سے چھوٹے چھوٹے گروپس میں وطن واپس لانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاکہ سکریننگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہاتھا کہ اب ہمیں یہ معلوم ہو گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 75 فیصد کیسز باہر سےآئے ہیں۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کا دباﺅ اب بھی موجود ہے اور ہم انہیں 4 تاریخ سے آنے دینا چاہتے ہیں لیکن صرف اتنے ہی لوگوں کو آنے دیں گے جن کی سکریننگ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف وزیراعظم فنڈ قائم کردیا، انہوں نے کہا کہ مخیرحضرات اور اورسیز پاکستانیوں کو چاہیے کہ اس فنڈ میں پیساجمع کروائیں۔