کورونا سے لڑنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ، الطاف شکور

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی وبا کورونا وائرس سے لڑنے اور قوم کی رہنمائی کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلائے جائیں۔عوام کے تحفظ اور مفاد کے لئے فوری و قومی اتفاق رائے کے فیصلوں کی ضرورت ہے ۔پارلیمنٹ عوام پر بوجھ بننے کے بجائے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

عیاسی اتفاق رائے قائم کئے بغیر کوروناجیسی وبا ء سے نمٹنا ممکن نہیں ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کو متحد ہو کر اورمل جُل کر ملک و قوم کی بقاء کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔کم وسائل کے ساتھ اس وبا سے لڑنے کے لئے تما م سیاسی جماعتوں کو اپنے باہمی اختلافات بھلا کر ملک و قوم کی خاطر ایک پیج پر آجانا چاہئیے۔

(جاری ہے)

یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں ہے ، محض ایک ٹائیگر فورس کی تشکیل کے ذریعے کورونا کی وباء پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔

پوری قوم کو مل کر "قومی فورس" کی صورت میںکام کرنا ہوگا۔ عوام کو کھانے کے بجائے راشن فراہم کیا جائے ۔ضروریات زندگی کے سا مان کی عام دکانوں پر دستیابی ممکن بنائی جائے۔ قومی و صوبائی سطح پر تمام اراکین اسمبلی کو مل جل کر کورونا وائرس سے مقابلے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے وفاقی و صوبائی سطح پر قومی حکومتیں تشکیل دی جائیں تا کہ بہتر طور پر سیاسی اتحاد اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ ایک بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سبق حاصل کریں کہ امریکہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اپنے ریٹائرڈ فوجی جوانوںکو بھی طلب کر لیا ہے ، ہمیں بھی اس کی پیروی کرنی چاہئیے۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی تجویز ہے کہ" سول قومی رضاکار فوج "بنا ئی جائے یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملک میں موجود تمام صحتمند اور بیروزگار نوجوانوں کو اس فورس میں بھرتی کر کے کورونا سے لڑنے ،متاثرین اورمریضوں کی بنیادی ابتدائی طبی امداد اور صحت سے متعلق ضروری تربیت دے کرانہیں میدان عمل میں بھیجا جائے ۔ اس وقت ملک کوکورونا وائرس سے لڑنے اور غذائی اشیا ء کی ترسیل جیسے دو اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔اس مقصد کے لئے زراعت، زرعی مصنوعات، دوائوں اور اشیائے خوردونوش سے متعلق تمام صنعتوں کو بنیادی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے بعد چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لئے کام کرنا چاہئیے۔

گوشت، دودھ، سبزی اور اناج کو کھیتوں سے لے کر مارکیٹ اور عوام تک رسائی ممکن بنائے جانے کے لئے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔پاسبان اس سلسلے میں وزیر اعظم کی جانب سے کارگو ٹریفک چلائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔الطاف شکور نے اپنے بیان میںاس بات پر زور دے کر کہا کہ یہ وقت سیاسی اسکورنگ کو بھول کرملک و قوم کی خدمت کرنے اور اس گمبھیر صورتحال سے نکالنے کے لئے کاوشیں کرنے کا ہے۔

ٹھوس سیاسی اتحاد کے بغیر ہم اس چیلنج کا مردانہ وار مقابلہ نہیں کر سکتے۔الطاف شکور نے حکومت سے اپیل کی کہ حکومت،عوامکو کھانے کے بجائے راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ اس مقصد کے لئے تمام ضرورتمند افراد کے اعداو شمار جمع کرکے ان کے گھروں تک تمام ضروری سامان پہنچانے کے انتظامات یقینی بنائے۔اس مقصد کے لئے تمام صوبوں میں ٹیلیفونک ہیلپ لائن کا قیام عمل میںلایا جائے جہاں رابطہ کر کے عوام اپنی ضروریات کا سامان گھر بیٹھے حاصل کر سکیں