متحدہ عرب امارات میں ایک مریض سے 36افراد کو بھی کورونا وائرس منتقل ہوگیا

ایک مریض جس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق پہلے ہی کی جاچکی ہے اسی سے ہی مزید 36افراد کو بھی کورونا وائرس منتقل ہوا ہے: ڈاکٹر فیدہ الحسینی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 30 مارچ 2020 22:59

متحدہ عرب امارات میں ایک مریض سے 36افراد کو بھی کورونا وائرس منتقل ہوگیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں ایک مریض سے 36افراد کو بھی کورونا وائرس منتقل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج ایک ہی دن میں متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 41 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیرِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر فیدہ الحسینی نے بتایا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد611 ہوگئی ہے جن میں سے 2مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈاکٹر فیدہ الحسینی نے بتایا ہے کہ آج کورونا سے متاثرہ مزید 2مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 5ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر فیدہ الحسینی نے نے مزید بتایا کہ ایک مریض جس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق پہلے ہی کی جاچکی ہے اسی سے ہی مزید 36افراد کو بھی کورونا وائرس منتقل ہوا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں2ہفتے کیلئے گاڑیوں کی پارکنگ مفت کردی گئی ہے۔

دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت میں جاری سٹیرلائزیشن پروگرام کی وجہ سے عوام کو سہولت دینے کیلئے 13اپریل تک پارکنگ فیس ختم کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑیوں کو پارک کرنے کی فیس 2ہفتے تک اس لیے بھی چھوڑی گئی ہے کیونکہ حکومت نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے اور لوگ گھروں پر ہی رکیں گے، اس دوران انکی گاڑی کسی بھی پارکنگ میں کھڑی ہوگی تو اس کی فیس نہیں لی جائے گی۔

اس کے علاوہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایمبولینس کو پٹرول کی فراہمی بھی مفت کردی گئی ہے۔ مملکت میں چلنے والی تمام ایمبولینسوں کو مفت پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔ا س کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر مختلف خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اماراتی اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری کی گئی جرمانوں کی اس فہرست میں انتباہ کیا گیا ہے کہ جو لوگ احتیاطی تدابیر اور حکومتی پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے ،انہیں پانچ سو درہم سے پچاس ہزار درہم تک کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

فہرست میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے جو مریض اپنی بیماری ظاہر نہیں کریں گے یا علاج معالجہ نہیں کرائیں گے، ان پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا۔