بھار ت سے آنے والے دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

متاثرہ افراد میں سے ایک شخص جگر کی پیوندکاری کے لئے گیا تھا جبکہ دوسرا شخص میڈیکل چیک ایپ کے لئے گیا تھا

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 31 مارچ 2020 17:31

بھار ت سے آنے والے دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-31مارچ2020ء) بھارت سے آنے والے دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وہ لوگ بھارت جگر کے علاج کے سلسلے میں گئے تھے۔ چونکہ جگر کی پیوندکاری کی سہولت پاکستان میں موجود نہیں،اس لئے یہاں سے علاج کے سلسلے میں لوگوں کو بھارت جانا پڑ تا ہے۔ جن دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وہ بھی بھارت جگر کی پیوندکاری کے سلسلے میں گئے تھے۔

تصدیق شدہ افراد میںسے ایک صرف میڈیکل چیک ایپ کے لئے گیا تھا، کچھ عرصہ قبل وہ اپنا آپریشن کروا چکا تھا۔ ساتھ جانے والے دوسرے شخص کی پیوندکاری ممکن نہیں ہو سکی کیونکہ اس کی عمر زیادہ تھی، خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے اس کا آپریشن کرنے سے منع کر دیا تھا۔ چونکہ اس وقت ملک میں آنے والے ہر شخص کا کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، واہگہ بارڈر سے آنے والے افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، تصدیق ہوتے ہی دونوں کو سروس ہسپتال قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا تا کہ وائرس ان سے آگے مزید لوگوں میں نہ پھیلے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ان کے ہمراہ تین مزید افراد بھی گئے تھے، لیکن ان میں کورونا وائر س کی تصدیق نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1800 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 23 افراد ابھی تک ہلاک ہو چکے ہیں۔حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اسی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھاتا کہ لوگ گھروں سے باہر نہ آئیں اور ایک دوسرے سے نہ ملیں، کیونکہ کورونا وائرس کو اسی طرح مزید پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ اسی دوران دو ایسے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو حال ہی میں بھارت سے واپس پاکستان آئیں ہیں۔