معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے

قوم کی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے، فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ کورونا وبا کے مقابلے کے لیے قوم کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

بدھ 1 اپریل 2020 21:21

معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اپریل2020ء) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم کی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے اور معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی جس میں کورونا وائرس وبا کی روک تھام میں فوج کی جانب سے وفاقی و صوبائی انتظامیہ کو فراہم کی جانے والی معاونت اور اہل کاروں کی تعیناتی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ فوجی دستے شہریوں کو وبا سے بچانے کے ساتھ ساتھ مشکلات کے شکار عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج عوام کی مدد اور سہولت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہمیں متحدہ ہوکر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا، موجودہ صورت حال دشوار ضرور ہے تاہم ہم بحیثیت قوم ماضی میں بھی مشکل حالات کا سامنا کرچکے ہیں۔

اس چیلنج کی نوعیت ماضی کے مقابلے میں مختلف ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ کورونا وبا کے مقابلے کے لیے قوم کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔