کورونا وائرس سے بالکل آزاد ہیں، شمالی کوریا

جمعرات 2 اپریل 2020 23:41

کورونا وائرس سے بالکل آزاد ہیں، شمالی کوریا
پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) شمالی کوریا نے عالمی سطح پر شکوک و شبہات کے باوجود ایک بار پھر اصرار کیا ہے کہ ان کا ملک کورونا وائرس سے بالکل آزاد ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے انسداد وبا مرکزی ہنگامی ہیڈکوارٹرز کے ڈائریکٹر پاک یونگ سو نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے یہ کوششیں مکمل طور پر کامیاب رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ملک میں ایک شخص بھی اس وائرس کا شکار نہیں ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پیشگی اور سائنسی اقدامات اٹھائے تھے جن میں ملک میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کی چھان بین اور انہیں قرنطینہ کرنا، تمام چیزوں کو جراثیم سے پاک کرنا، سرحدیں بند کرنا اور سمندری اور فضائی راستے بند کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اپنے کمزور طبی نظام اور عالمی پابندیوں کی وجہ سے کورونا وائرس کے خلاف خصوصی طور پر غیر محفوظ ہے، عالمی پابندیوں کے باعث ملک میں خوراک کی کمی بھی پائی جاتی ہے۔

اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق شمالی کوریا کے ایک کروڑ 3 لاکھ افراد یعنی تقریباً نصف آبادی ضرورت مند ہے اور 41 آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ مارچ میں شمالی کوریا کے سپریم رہنما کم جونگ اٴْن نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کو ذاتی طور پر لکھا تھا جس سے کئی ماہ کی سفارتی خاموشی ٹوٹی تھی۔