مکی آرتھر کرکٹ ٹیم کے طاقتور ترین کوچ تھے،جو کہتے پی سی بی مان لیتا تھا: محمد حفیظ

وہ غلط بھی کہتا تو اسے سچ مانا جاتا تھا ہمارا سچ کو غلط سمجھا جاتا تھا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 اپریل 2020 15:25

مکی آرتھر کرکٹ ٹیم کے طاقتور ترین کوچ تھے،جو کہتے پی سی بی مان لیتا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اپریل 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میں نے پاکستان کے جتنے کوچز کے ساتھ کرکٹ کھیلی ان میں سب سے طاقتور مکی آرتھر تھے۔ وہ سیاہ سفید کے مالک تھے ،جو کہتے پی سی بی مان لیتا تھا۔ نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ وہ غلط بھی کہتا تو اسے سچ مانا جاتا تھا ہمارا سچ کو غلط سمجھا جاتا تھا۔

اگر کوئی اور مکی آرتھر کی کارکردگی کا تجزیہ نہیں کرنا چاہتا تو میں کون ہوتا ہوں۔ میری کپتانی میں پاکستان کو بہت ساری فتوحات ملیں۔ کسی اور کو لانے کے لئے مجھے علیحدہ ہونا پڑا۔ نجم سیٹھی سمجھتے تھے کہ میں یس مین بنوں لیکن وہ شاید کسی اور کو لانا چاہتے تھے جو ان کی آنکھ کا تارہ تھا۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اس سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں اور اس کے بعد باعزت انداز میں انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دوں گا لیکن دنیا بھر میں لیگز کھیلتا رہوںگا۔

(جاری ہے)

کرکٹ سے مکمل کنارہ کش ہونے کے بعد فیصلہ کروں گا ۔ دیکھوں گاکہ زندگی کہاں لے جاتی ہے، آیا کوچنگ میں جائوںگا یا کسی اور شعبے میں قسمت آزمائوںگا۔وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کو پہلے ہی خیر باد کہہ چکے ہیں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ میں عزت اور کامیابیوں کیساتھ کرکٹ کو الوادع کہنا چاہتا ہوں۔ ابھی میں نے مستقبل کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔ ریٹائر منٹ کے بعد مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ کروںگا۔ میرے پاس انٹر نیشنل کرکٹ چھوڑنے کے بعد میرے پاس انٹر نیشنل لیگ کھیلنے کا آپشن موجود ہے ۔ میرے جسم اور میری کارکردگی میں کچھ ایسے سال موجود ہیں جنہیں میں کھیل کے میدان میں صرف کرنا چاہتا ہوں۔ یاد رہے کہ رواں سال 17 اکتوبر کو محمد حفیظ چالیس سال کے ہوجائیں گے۔