وزیراعظم عمران خان عوام اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں،عمران قریشی

جمعہ 3 اپریل 2020 22:57

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمران قریشی وزیراعظم کی جانب سے ملک کے تاجروں ، صنعت کاروں اور زراعت سے وابستہ افراد کو دی جانے والی خصوصی رعایت کو ملک کی تعمیر وترقی میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے جو اعلانات کئے ہیں اس سے ملک میں تیزی سے صنعتیں فروغ پائیں گی جس سے نہ صرف غریب افراد کو روزگار ملے گا بلکہ عوام کو رہنے کیلئے سہولیات بھی حاصل ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئے جانے والے لاک ڈاؤن سے شہری اور دیہی آبادیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں ، اسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے تعمیراتی صنعت سمیت دیگر ترقی کیلئے جو اعلان کئے ہیں اس سے براہ راست عوام کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے او رمعاشی بدحالی بھی ختم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب ملک کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پاکستان ان بحرانوں سے نکلے اور ملک میں نہ صرف روزگار کے مواقعے میسر آسکیں بلکہ عوام کی صحت کے معاملات بھی بہتر ہوسکیں۔