لاک ڈائون اٹھائے جانے کے بعد مرحلہ وار ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 122 ٹرینوں میں سے 22 ٹرینیں کام شروع کر دیں گی، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد

اتوار 5 اپریل 2020 00:25

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈائون اٹھائے جانے کے بعد مرحلہ وار ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا، صورتحال بہتر ہونے کے بعد پہلے مرحلے میں 122 ٹرینوں میں سے 22 ٹرینیں کام شروع کر دیں گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت 14 اپریل کے بعد لاک ڈائون کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے ملک میں جلد ہی اس وباء کا خاتمہ ہو تاکہ لوگ دوبارہ ٹرین کے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر آنے والے دنوں میں وائرس کے پھیلائو کا سلسلہ جاری رہا تو حکومت کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں پیدل سفر کرنے کی وجہ سے کئی لوگ جان کی بازی ہار گئے کیونکہ انہیں آبائی گھروں میں پہنچنے کیلئے ٹرینیں یا دوسری کمیونیکشن سروسز دستیاب نہیں تھیں۔