شہباز شریف لندن سے واپس آکر جس طرح قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

حکومت لاک ڈائون کیوجہ سے آنے والی مشکلات میں کمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ے ‘سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ

بدھ 8 اپریل 2020 12:18

شہباز شریف لندن سے واپس آکر جس طرح قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہ کسی سے ڈھکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت لاک ڈائون کی صورتحال میں عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان میں کمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ، مسلم لیگ (ن) کا عوام سے کوئی تعلق نہیں اور آج کے مشکل دور میں بھی شریف خاندان کا ایجنڈے زوروں پر ہے ،انشا اللہ یہ مشکل وقت کٹ جائے گا لیکن عوام اپوزیشن کے چہرے پہچان چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت ا ب تک ہزاروں خاندانوں میں انصاف امدادپیکج کے تحت مالی امداد کی تقسیم کر چکی ہے جبکہ وفاقی حکومت کے پروگرام کے تحت بھی امداد کاسلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم نے کبھی یہ نہیںکہا کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں لیکن ایک انسان کے بس میں جو ممکن ہے حکومت اس کے مطابق اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اس وقت عوام کی نہیں بلکہ اپنی سیاست کو بچانے کی فکر لا حق ہے ، انہیں یہ خدشات پریشان کر رہے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت مشکل کی اس گھڑی سے سر خرو ہو گئی تو ان کی پہلے ہی تاریک گلی میں داخل ہونے والی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں چلی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف لندن سے وطن واپس آکر جس طرح قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔