متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستانیوں کا احتجاج

راشن فراہم کیے جانے کا باوجود پاکستانیوں کا ایمبیسی کے باہر پاکستان جانے کیلئے احتجاج اور نعرے بازی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 19:27

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستانیوں کا احتجاج
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل 2020ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستانی احتجاج کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں کو راشن فراہم کرنا شروع کردیا ہے تاہم راشن فراہم کیے جانے کا باوجود پاکستانی ایمبیسی کے باہر پاکستان جانے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں سفاتخانے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص سپیکر پر احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کو بتارہا ہے کہ ایمبیسی سب کو راشن فراہم کررہی ہے اور سب پاکستانیوں کو اس ملک کے قوانین کا احترام کرنا ہو گا کیونکہ اس سے پاکستانیوں کی پہچان ہے لیکن وہاں موجود لوگوں نے نعرے بازی شروع کردی اور مطالبہ کیا کہ انہیں پاکستان لے جایا جائے۔

(جاری ہے)

اس پر عہدیدار نے مزید کہا کہ ایمبیسی پروازوں کا انتظام کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس حوالے سے جلد پاکستانیوں کو معلومات فراہم کردی جائیں گی۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات میں 10 ہزار پاکستانیوں کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کے مطابق 35 ہزار پاکستانی متحدہ عرب امارات سے واپسی کے خواہش مند ہیں اور ان کی پاکستان قونصل خانے میں رجسٹریشن کردی گئی ہے۔

قونصل جنرل نے بتایا کہ یو اے ای میں 10 ہزار پاکستانی کورونا وبا کے باعث نوکریوں سے فارغ کردئیے گئے ہیں جن کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جارہے ہیں، واپسی میں سیاحوں، نوکری نہ رکھنے والوں اور بزرگوں کو ترجیجی دی جائے گی۔ قونصل جنرل کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پر مسافروں کی واپسی پر اسکرینگ کے انتظامات مکمل ہیں، پاکستانیوں کے لیے فلائٹس آپریشن کرنے کو تیار ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی واپسی بہت بڑا چیلنج ہے۔