سعودی عرب میں ننھی بچیوں سے بے ہودہ گفتگو کا ایک اور واقعہ

عسیر سے تعلق رکھنے والے سعودی لڑکے کو جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اپریل 2020 12:05

سعودی عرب میں ننھی بچیوں سے بے ہودہ گفتگو کا ایک اور واقعہ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020 ء) سعودی عرب میں ایک کم سن لڑکے کو ننھی بچیوں سے شرمناک گفتگو کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔عسیر سے تعلق رکھنے والا یہ ملزم سوشل میڈیا پر ویڈیو چیٹ کے ذریعے کم عمر لڑکیوں سے بے ہودہ گفتگو کرتا تھا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایک کم عمر لڑکے کی جانب سے اس طرح کی حرکت سعودی سماج اور اخلاقی و مذہبی اقدار کے لیے بہت بڑا چیلنج اور لمحہ فکریہ ہے۔

اس کم سن لڑکے کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ اسی بیمار ذہنیت کے حامل دوسرے افراد کو عبرت حاصل ہو سکے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اور کئی واقعات سے پتا چلتا ہے کہ ہماری بچیاں کس قدر غیر محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

والدین کو اپنے بچوں کی نگرانی کرنی چاہیے اور خصوصاً کم عمر بچیوں کو سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرنے دینا چاہیے۔

کچھ عرصہ قبل بھی سعودی پولیس نے ریاض سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کیا تھا جوسوشل میڈیا پر کم سن لڑکیوں سے رابطہ کر کے ان سے دوستی کرتا تھا اور پھر ان سے آن لائن غیر اخلاقی گفتگو کرتا تھا۔

اس بیمار جنسی رویئے کے حامل نوجوان کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب اس کی ایک ننھی بچی سے شرمناک گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید مشتعل ہو گئے۔ ایک صارف نے ٹویٹر پر #Rape_Children_Riyadhکے عنوان سے ہیش ٹیگ بنایا جس میں ہزاروں افراد نے شرم و اخلاقیات سے عاری نوجوان کی ویڈیو دیکھنے کے بعد اس کی فوری گرفتاری اور عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

پبلک پراسیکیوشن کے نوٹس میں یہ معاملہ آیا تو اس نوجوان کی نشاندہی کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان سے تفتیش جاری ہے جس دوران اس سے مزید انکشافات سامنے آ نے کا امکان ہے۔ پولیس ان خطوط پر بھی تفتیش کر رہی ہے کیا وہ بچیوں سے جنسی زیادتی یا ہراسگی کے معاملے میں تو ملوث نہیں رہا۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل عدالت نے ا یک ایسے سعودی ڈاکو کوسر عام سزائے موت سُنا دی تھی جواپنی سگی بھانجی کو بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنا چکا تھا۔ یہ ڈاکو مملکت بھر میں اپنی حیوانیت اور سفاکی کی وجہ سے ایک ڈراؤنی مثال بن چکا تھاجو قتل اور لُوٹ مار کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث تھا، ان وارداتوں میں اس کا خالہ زاد بھائی بھی ساتھ دیتا تھا۔