سعودی عرب میں کورونا کے مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے

مملکت میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد44ہوگئی، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کروناکی355نئے کیس ریکارڈ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 9 اپریل 2020 19:46

سعودی عرب میں کورونا کے مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد44ہوگئی۔ وزارتِ صحت کے مطابق مملکت میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کروناکی 355 نئے کیس ریکارڈ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3287 ہوگئی ہے۔ غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق وزارت صحتِ کے ترجمان نے کہاکہ اب تک کرونا وائرس کا شکار 666 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور مہلک وبا سے 44ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

سعودی وزیرصحت توفیق الربیعہ نے خبردار کیا کہ مملکت میں آیندہ چند ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سے دو لاکھ تک ہوسکتی ہے۔انھوں نے سعودی اور غیرملکی ماہرین کے چار تحقیقی مطالعات پر مبنی یہ اعداد وشمار جاری کیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہدایات اور طریق کار کی پاسداری کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی ہے جبکہ ان ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کیسوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان مطالعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ان میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔اب مستقبل میں اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد کا انحصار ہر کسی کے تعاون اور حکومت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد پر ہے۔لحرمین الشریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم)میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند ہے اور ان کے وہاں نمازیں ادا کرنے پر پابندی عائد ہے۔ دوسری جانب سعودی شاہی خان کے 150 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، فرمانروا شاہ سلمان بھی جدہ کے قریب ایک محفوظ علاقے میں منتقل ہوگئے، بیرون ملک سفر کرنے والے شہزادوں کی وجہ سے شاہی خاندان میں وائرس پھیلا۔