وہاب ریاض نے وقار یونس سے ’’ہاتھ ہولا‘‘ رکھنے کی اپیل کردی

پیسر کے بچپن سے ساتھ دیتا آیا ہوں،توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہ کر پائیں تو دکھ ہوتا ہے: بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اپریل 2020 11:58

وہاب ریاض نے وقار یونس سے ’’ہاتھ ہولا‘‘ رکھنے کی اپیل کردی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اپریل 2020ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر وہاب ریاض نے وقار یونس سے رویہ نرم رکھنے کی اپیل کردی۔ بولنگ کوچ نے اپنی ویڈیو کانفرنس میں گزشتہ سال دورہ آسٹریلیا سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر وہاب ریاض اور محمد عامر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ساتھ انھوں نے دونوں کرکٹرز کی وائٹ بال کرکٹ میں بہترکارکردگی کے لیے حوصلہ افزائی بھی کی تھی۔

وہاب ریاض نے وقار یونس سے رویہ نرم رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اچھی کارکردگی نہ دکھا پاؤں تو بولنگ کوچ طویل عرصے تک بات بھی نہیں کرتے، میری اپنے اہداف پر نظر ہے۔ جواب میں وقار یونس نے کہا کہ میں پیسر کے بچپن سے ان کا ساتھ دیتا آیا ہوں، وہ توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہ کر پائیں تو دکھ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محمد عامراور وہاب ریاض پر وقار یونس کا کہنا تھا کہ کسی کوزبردستی کھیلنے پر مجبور نہیں کر سکتے لیکن اس وقت دونوں پیسرز کے فیصلے کا پاکستان کو نقصان ہوا، یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ ان کی موجودگی میں ہم لازمی طور پر آسٹریلیا میں جیت جاتے لیکن کارکردگی کافی بہتر ہو سکتی تھی، ان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے باعث ہمیں نا تجربہ کار نوجوان پیسرز پر انحصار کرنا پڑا، نئے ٹیلنٹ پر مشتمل پول تیار کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ آئندہ اس طرح کی مشکلات پیش نہ آئیں،انکا کہنا تھا کہ میں ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی پالیسی ہونا چاہیے تاکہ کسی کھلاڑی کی اچانک عدم دستیابی کے بعد مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، ٹی ٹونٹی لیگز میں پیسہ اور کشش ہے لیکن ملک کی ضرورت مقدم ہونا چاہیے، مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود محمد عامر کو لاڈلا بنائے رکھنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میرے لاڈ پیار سے قبل ہی پیسر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی،کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، بہرحال محمد عامر اب بھی ایک میچ ونر اور محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔