پرائویٹ ہاسپٹز اینڈ کلینکس ایسوسی ایشن کا اپنے ممبران ہاسپٹز اور دیگر اسپتالوں میں فری سیفٹی کٹس فراہم کرنے کا اعلان

پیر 20 اپریل 2020 17:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2020ء) پرائویٹ ہاسپٹز اینڈ کلینکس ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران ہاسپٹز اور دیگر اسپتالوں میں فری سیفٹی کٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے پیر کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائراس سے نمٹنے کیلئے ہر ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں ہم نے سیفٹی کٹس تیار کیں ہیں جن میں مکمل سوٹس، ماسک، گلوز، فیس شیلڈز وغیرہ شامل ہیں، یہ کٹس ہم اپنے چالیس ممبران ہاسپٹز کے علاوہ ایس آئی یو ٹی اور بلوچستان کے کچھ میڈیکل سینٹرز کو فراہم کریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ جب تک کورونا کی وباء ملک میں موجود ہے ان کٹس کی فراہمی کا سلسلہ مستقل بنیادوں ہر جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ افوسناک امر یہ ہے حکومت سندھ کی بار بار اپیل اور ہدایت کے باوجود لوگ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہیں، جس کی وجہ سے کراچی سمیت پورے سندھ میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے اپنے تمام ممبران اسپتالوں کو ہدایت کی کہ وہ کورونا کی علامات ظاہر ہونے والے مریغوں کو عام مریضوں سے بالکل علیحدہ رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ اسوقت ملک کے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کی خدمت میں سرگرم ہیں اس لئے عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ ان کے ساتھ تعاون کریں، خاص طور پر ان کی بتائی ہوئی ہدایت پر سختی سے عمل کریں اس میں ان کی اپنی جان کا تحفظ ہے۔