سابق صوبائی وزیر سردارمصطفی خان تر ین کی بے وقت موت اور اچانک رحلت کی خبرپشین کے عوام کے لئے گہرا صدمہ

بدھ 22 اپریل 2020 17:22

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) سردار مصطفی خان تر ین کی بے وقت موت اور اچانک رحلت کی خبر پشین کے عوام پر قیامت کی طرح ٹوٹ پڑی، مرحوم کے انتقال کی خبر پشین اور ملحقہ علاقوں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، مرحوم ضلع پشین کے واحدغیر متنازعہ شخصیت تھے جس کے سائے تلے تمام قبائیل، سیاسی جماعتیں اور شخصیات متحد تھیں۔

آپ نہ صرف ترین قبیلہ بلکہ پشین کے تمام پشتون قبائیل کاکڑ، ترین، سید، اچکزئی سمیت درانی اور خلجی قبائیل میں بے پناہ پذیرائی کی بدولت تمام قبائیل کے سربراہ کے طور پر جانے جاتے تھے، زندگی کے کسی بھی موڑ پر آپ اور آپ کے خاندان کے علاقے کے کسی بھی فرد یا قبیلے کے ساتھ کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا۔ مرحوم نے پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے طالبعلمی کے دور سے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا، 80 کی دھائی میں اپنے وارڈ سے کونسلر منتخب ہونے کے بعد متعدد بار میونسپل کمیٹی پشین کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوتے رہے، بعدازاں 1997کے انتخابات میں پشین سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے، اس دوران 1998 کی مردم شماری کے بائیکاٹ اور پشتون قومی جرگہ کے سخت احتجاج، جلسوں اور مظاہروں میں گرفتار ہوکر قید وبند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔

(جاری ہے)

2005 کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے ٹکٹ پر تحصیل ناظم پشین منتخب ہوئے۔ بعد ازاں 2013 کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں جب پارٹی نے پشین کے صوبائی اسمبلی کی نشست پر نامزدکیا تو اپنے عوام میں اپنی محبوبیت کی بناء پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔، سیاسی طور پر اپنی پارٹی کے مرکزی چیئرمین محترم مشر گران محمودخان اچکزئی کے ساتھ زندگی کے آخری سانس تک وفادار رہے اور ان کے شانہ بشانہ ہمقدم رہے، متعدد بار پارٹی کے ضلعی سیکرٹری رہے، جبکہ اب بھی بطور مرکزی سیکرٹری اور صوبائی ایگزیکٹیو اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔