امریکی افواج میں کورونا کیسزکی تعداد میں اضافہ

ہفتہ 2 مئی 2020 01:30

امریکی افواج میں کورونا کیسزکی تعداد میں اضافہ
واشنگٹن  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی 2020ء) امریکہ کی مسلح افواج میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرہ فوجیوں کی تعداد 7100 سے تجاوز کر گئی ہے، ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے جمعہ کوایک رپورٹ میں بتایا کہ امریکہ کی مسلح افواج کے درمیان کورونا کے مریضوں کی تعداد 7100 سے تجاوز کر گئی ہے، امریکی فوجی اہلکاروں، ان کے اہل خانہ، غیر فوجی عملہ اور کنٹریکٹرز کے افراد بھی کووڈ-19 میں مبتلا ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے 27 فوجیوں کی موت ہو چکی ہے تاہم ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے اور 284 فوجی اہلکار ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ 2336 فوجی اہلکار علاج کے بعد ہسپتالوں سے گھروں کو جا چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں کہ جب امریکہ میں کورونا وائرس کیسزکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو گیارہ لاکھ سے زیادہ ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 64 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔