سیکیورٹی گارڈ نے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے والے شخص کو گولی مار دی

امریکی ریاست مشی گن میں گاہک کے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے گاہک کو ہلاک کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 5 مئی 2020 00:04

سیکیورٹی گارڈ نے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے والے شخص کو ..
مشی گن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مئی2020ء) سیکیورٹی گارڈ نے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے والے شخص کو گولی مار دی، تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں گاہک کے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے گاہک کو ہلاک کردیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے شہر فلنٹ میں ڈالر سپر اسٹور پر گارڈ کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے 43 سالہ شخص نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈالر سپر اسٹور کے مرکزی دروازے پر کھڑے سیکیورٹی گارڈ اور ایک گاہک کے درمیان تکرار جاری ہے اور اسی دوران گارڈ نے گاہک پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے صارفین نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی گارڈ نے شہری کو ماسک لگائے بغیر اسٹور میں داخل ہونے سے منع کردیا تھا جس پر تلخ کلامی ہوئی۔

پولیس نے شہری کی ہلاکت کے بعد مقدمی درج کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1450 مریضوں کی وفات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس طرح ملک میں اب تک وبائی مرض کے سبب مرنے والوں کی مجموعی تعداد 67674 تک پہنچ گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہوپکنز یونیورسٹی نے یہ بات پیر کو علی الصبح جاری ایک بیان میں بتائی۔

دوسری جانب چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 3 کیسوں کا اندراج ہوا۔ کمیشن کے مطابق یہ تینوں افراد بیرون ملک سے آئے ۔چین میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 82880 ہو چکی ہے۔ ملک میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 4633 ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی مجموعی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان میں ڈھائی لاکھ کے قریب افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔