”واران بس سروس، جی ٹی ایس اڈہ، حقائق نامہ“ کے عنوان سے شائع کالم پر ایڈیٹوریل کی معذرت

ہفتہ 16 مئی 2020 17:49

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2020ء) پاکستان کے سب سے بڑے نیوز نیٹ ورک ”اردوپوائنٹ ڈاٹ کام“ کے ایڈیٹوریل بورڈ کی جانب سے وضاحت کی جاتی ہے کہ ”واران بس سروس، جی ٹی ایس اڈہ، حقائق نامہ“ کے عنوان پر جنرل ریٹائرڈ حمید گل مرحوم کی صاحبزادی اور یوسف میکن کی اہلیہ بیگم عظمیٰ گل کی پراپرٹی سے متعلق 21 اپریل کو کالم شائع ہوا، لیکن اس کالم کو مضامین اور کالمز پر نظرثانی کے دوران فوری ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا، کیونکہ یہ کالم ایڈیٹوریل بورڈ کی غیرارادی طور پر جانچ پڑتال کے بغیر شائع ہوا تھا، ادارہ کی ریویو پالیسی ہے کہ شائع ہونے والے مضامین، کالمز کا دوبارہ سے جائزہ لیا جاتا ہے، اسی پالیسی کے تحت کالم کو فوری ہٹا دیا گیا تھا، اس کے کچھ روز بعد ادارے کو لیگل نوٹس موصول ہوا، جس میں مسز عظمیٰ گل نے کالم میں بیان کیے گئے سارے مواد کو نہ صرف بے بنیاد قراردیا، بلکہ بےزاری کا اظہار کیا کہ اس سے ان کی سماجی اور سیاسی ساکھ مجروح ہوئی ہے، لہذا ادارہ معذرت شائع کرے۔

(جاری ہے)

مسز عظمیٰ گل کی درخواست پر ادارہ ہٰذا کا ایڈیٹوریل بورڈ واضح کرتا ہے کہ مسعود چوہدری کا کالم شائع کرنے میں ان کی کوئی دلچسپی یا مفاد شامل نہیں، کالم میں شامل مواد کالمسٹ کی اپنی رائے یا تحقیقات تو ہوسکتی ہے، لیکن ادارہ کی اس میں کوئی مرضی شامل نہیں، ”اردوپوائنٹ ڈاٹ کام“ پاکستان کا سب سے بڑا نیوزنیٹ ورک ہے۔ جہاں پر تمام خبروں ، مضامین اور دیگر مواد کو جانچ پڑتال کے بعد ہی شائع کیا جاتا ہے، ادارے نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی، جبکہ ادارے نے پاکستان کی قومی سلامتی اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، قومی سلامتی کے اداروں کا احترام ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھا ۔

لیکن اس کے ساتھ ہمیشہ عوامی جذبات اور احساسات کا بھی خیال رکھا ہے۔ ایسے خبری مواد کو ہمیشہ نظرانداز کیا جس سے عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا خدشہ ہو۔ اس تمہید کا مقصد بھی یہی ہے کہ مسز عظمیٰ گل کے جذبات بھی ہمارے لیے اہمیت کے حامل ہیں، اگر اس کالم سے ان کی دل آزاری ہوئی ہے تو ایڈیٹوریل بورڈ معذرت خواہ ہے۔

متعلقہ عنوان :