حکومت نے طورخم اور چمن سرحد کو تجارت کیلئے کھول دیا

پاک افغان سرحد ٹرکوں کی آمدورفت کیلئے ہفتہ میں6 روز کھلی رہے گی، کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، سرحد کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 مئی 2020 22:12

حکومت نے طورخم اور چمن سرحد کو تجارت کیلئے کھول دیا
پشاور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2020ء) حکومت نے طورخم اور چمن سرحد کو تجارت کیلئے کھول دیا ہے، پاک افغان سرحد ٹرکوں کی آمدورفت کیلئے ہفتہ میں6 روز کھلی رہے گی، سرحد کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر کے مطابق وفاقی حکومت کے احکامات کی روشنی میں سرحد کو بحال کیا گیا ہے جو ہفتے میں 5 دن ٹرانزٹ اور ایک دن پیدل آمدورفت کے کھلی رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرحد کی بحالی سے افغانستان میں پھنسے پاکستانی وطن واپس آسکیں گے جبکہ پاکستان سے افغانستان جانے والے شہریوں کے لیے بھی سرحد کھل گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے پاک افغان چمن اور طورخم بارڈر کو تجارت کیلئے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت ٹرکوں کیلئے بارڈر 6 روز کھلا رہے گا۔

(جاری ہے)

چمن اور طورخم بارڈر پیدل آمدورفت اور تجارت کیلئے ٹرکوں کی آمدورفت کیلئے باقاعدہ ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔

بارڈر حکام کو کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں پاکستان نے ایران کے ساتھ پاسپورٹ گیٹ، اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا ہے، دونوں اطراف دوستانہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔ایران میں کورونا وائرس کے پیش نظر اور ایران سے آنے والے زائرین کے سلسلے میں 22 فروری کو پاکستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ، پاکستان گیٹ، دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ ،راہداری گیٹ کو مکمل طور پر بند کررکھا تھا ،گزشتہ ایک ہفتہ قبل ٹرانزٹ گیٹ کو کھول دیا گیا تھا۔ بدھ کو پاکستان نے پاسپورٹ گیٹ اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیاہے۔ دونوں اطراف دوستانہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں تاہم ابھی تک راہداری گیٹ بند کر رکھا ہے۔