اسرائیل میں تعینات چینی سفیر پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا

58 سالہ ڈووی کو فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر میں تعینات کیا گیا ،جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 18 مئی 2020 11:43

اسرائیل میں تعینات چینی سفیر پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -18 مئی2020ء) اسرائیل میں تعینات چینی سفیر پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کیلئے چینی سفیر ’’ ڈو وی ‘‘ دارلحکومت تل ابیب میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 58 سالہ ڈووی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے تاہم ابھی تک ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

ڈو وی کو فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ یوکرین میں چین کے سفارت کار کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔چینی سفیر شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی تھا تاہم یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی فیملی ان کے ساتھ اسرائیل میں مقیم نہیں تھی۔ وہ دارالحکومت تل ابیب کے مضافاتی علاقے ہرزلیا میں مقیم تھے۔

(جاری ہے)

کچھ میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ چینی سفیر اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے کیونکہ ان کے جسم پر کسی قسم کے نشان نہیں ملے ہیں تاہم اب تک ان کی موت کا سبب معلوم نہیں ہو سکا ۔اسرائیلی حکام کے مطابق چینی سفیر کی گھر سے لاش ملنے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ چینی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے چینی سفیر کی موت کی وجہ نہیں بتائی جن کی عمر 57 برس تھی اور وہ رواں برس فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر تعینات ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ معمول کی کارروائی کے مطابق پولیس یونٹس جائے وقوع پر موجود ہیں۔اس حوالے سے چینی سفارتخانے کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔فروری میں اسرائیل آمد کے موقع پر انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ کہ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں تمام ملکوں کے مشترکہ دشمن یعنی کہ ’غلط معلومات کی فراہمی‘ کا مقابلہ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔اس میں چین پر بیماری کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم نہ کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔اگرچہ ان کی موت کا طبی قرار دے دیا جا رہا ہے۔تاہم اس حوالے سے پولیس نے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔