نادرا سنٹرز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے احکامات نظر انداز

نادرا سنٹرز کھلنے کے سولہ روز بعد بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوسکا

منگل 19 مئی 2020 15:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2020ء) نادرا سنٹرز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے احکامات مسلسل نظر انداز، نادرا سنٹرز کھلنے کے سولہ روز بعد بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔نادرا حکام سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے احکامات پر عملدرآمد کروانے کیلئے پیکو روڈ نادرا سنٹر میں موثر انتظامات نہیں کرسکے ۔ بائیومیٹرک تصدیق اور قومی دستاویزات کے اجرا کیلئے آنیوالے سائلین لمبی قطاروں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھے بغیر دھوپ میں کھڑے رہے۔

سائلین نے مطالبہ کیا کہ بائیومیٹرک تصدیق کیلئے احساس پروگرام سنٹرز کے باہر نادرا موبائل وینز کھڑی کرکے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے نادرا سنٹر کے باہر پولیس کی نفری تعینات رہی. نادرا سنٹر کے باہر قطاروں میں کھڑے افراد نے احتیاطی تدابیر کا دامن چھوڑدیا,پولیس اہلکار بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے احکامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوگئے،احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر قطاروں میں جڑ کرکھڑے ہونے سے سائلین میں بڑے پیمانے پر کورونا پھیلنے کا خدشہ لاحق ہوگیا،سائلین بھی غیر موثر انتظامات کا رونا روتے رہے۔

(جاری ہے)

نادرا سنٹرز آنے والے سائلین کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت امدادی رقم کیلئے انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کروانے آئے ہیں.عوام کے پر زور مطالبہ پر نادرا سنٹرز کھول دیئے گئے ہیں تاہم ناقص انتظامات کے باعث سائلین,نادرا کے عملہ,ڈیوٹی پر موجود گارڈز اور پولیس اہلکاروں میں بڑے پیمانے پر کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔