پشاورپولیس نے خطرناک ڈکیت گینگ کے افغان سرغنہ سمیت چارملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 20 مئی 2020 22:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) پشاورپولیس نے خطرناک ڈکیت گینگ کے افغان سرغنہ سمیت چارملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان نے تھانہ تہکال کی حدود میں تاجر کے گھر میں ڈکیتی کے دوران لاکھوں روپے نقد، سونا اور غیر ملکی کرنسی سمیت قیمتی پرائز بانڈز بھی لوٹے تھے، ملزمان نے ڈکیتی کے دوران خود کو حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کیا تھاجنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ کی نوک پر ڈکیتی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے مجموعی طور پر34 لاکھ روپے نقد،20 تولے سونا،5ہزار امریکن ڈالر،4 لاکھ روپے مالیت کی پرائز بانڈز اور ایک پستول برآمد کر لیا گیاہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جار ہی ہے، رفیق اللہ ولد حاجی عشرت اللہ سکنہ تہکال بالا نے تھانہ تہکال پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چارافراد نے خود کو حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے اس کے گھر میں گھس اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنایا اور گھر سے لاکھوں روپے نقد، بھاری مقدار میں سونا ،غیر ملکی کرنسی، پرائز بانڈز اور اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے جس کی رپورٹ پر نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی،ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ تصور اقبال کی سربراہی میں ڈی ایس پی ٹاؤن مختیار علی اور ایس ایچ او تھانہ تہکال شہر یار احمد پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیکر ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کیا جس کے دوران خطرناک ڈکیت گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران چار ملزمان رحم داد عرف حاجی رحیم ولد میر زمان سکنہ مچنی حال خواجہ ٹائون،لاجبر ولد اپیل سکنہ افغانستان حال تور ڈیر صوابی، رفیق ولد اورنگزیب اورصفی اللہ ولد سیف اللہ سکنہ ہنگو حال تاروجبہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران خود کو حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے تلاشی کے بہانے ڈکیتیاں کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے مجموعی طور پر34 لاکھ روپے نقد،20 تولے سونا،5ہزار امریکن ڈالر،3 لاکھ روپے مالیت کی پرائز بانڈز اورواردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیاہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے