سعودی عرب نے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی بالادستی کا قانون نافذ کرنے سے متعلق اسرائیلی اقدامات مسترد کردیئے

جمعہ 22 مئی 2020 10:55

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) سعودی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں پراسرائیلی بالادستی کا قانون نافذ کرنے سے متعلق اسرائیلی منصوبوں اور اقدامات کو مسترد کردیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اس حوالے سے اپنے غیر متزلزل موقف پر قائم ہے۔

سعودی عرب دو طرفہ تنازعات کی بابت یکطرفہ کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔ بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی ہر خلاف ورزی کو غلط سمجھتا ہے اور مملکت کو یقین ہے کہ غرب اردن کے فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی انتظام کے تحت لانے سے خطے میں امن عمل کی بحالی کے مواقع سبوتاژ ہوں گے۔سعودی وزارت خارجہ نے فلسطینی عوام سے متعلق مملکت کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدسکو اس کا دارالحکومت بنانے سے متعلق فلسطینی عوام کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔

(جاری ہے)

سعودی دفتر خارجہ نے اس امر پر زور دیا کہ ہم فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان بین الاقوامی قانونی نظام کے مطابق امن مذاکرات شروع کرانے کے لیے جاری کاوشوں کے ساتھ ہیں۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ایسا جامع منصفانہ حل طے پائے جو فلسطینی بھائیوں کی امنگوں پر پورا اترتا ہو۔