سعودی مساجد میں نماز عید کی تکبیریں بلند نہیں کی جائیں گی

مذہبی امور کی وزارت نے اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کر دی

جمعہ 22 مئی 2020 22:34

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) گزشتہ روز ایک سعودی اخبار میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشادکی جانب سے تمام مساجد کے ائمہ کرام کو عید کے دن تکبیریں بلند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس خبر پر لوگوں کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔ تاہم وزارت اسلامی امور کی جانب سے اس خبر پر ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی اخبار میں مساجد میں نماز عید کی تکبیریں بلند کرنے کی خبر بنیاد ہے۔وزارت کی جانب سے مساجد کے ائمہ کو ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے اس بے بنیاد خبر کو ایک مقامی اخبار نے شائع کیا، جس کی تصدیق کیے بغیر دیگر ویب سائٹس نے بھی اسے شائع کر دیا اور پھر یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

عوام صرف وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے ہی رجوع کیا کریں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل سعودی پولیس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے ایک مقامی نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔ اس نوجوان نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے مساجد کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے جلد ہی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ جبکہ کرفیو کے اوقات میں بھی مزید نرمی کی جا رہی ہے۔