پاکستان کا یوم افریقہ 2020ء کے موقع پر افریقی ممالک کے ساتھ یکجہتی اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ

افریقی یونین کے 57 سال پورے ہونے پر پاکستان تمام برادر افریقی ممالک کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے، افریقی یونین ایک متحد روشن مستقبل کی حامل اور مشترکہ اقدار اور خوشحالی کیلئے لاکھوں افریقی عوام کی خواہشات اور امیدوں کا نمونہ ہے،دفتر خارجہ

پیر 25 مئی 2020 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2020ء) پاکستان نے یوم افریقہ 2020ء کے موقع پر افریقی ممالک کے ساتھ یکجہتی اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان یوم افریقہ 2020ء منانے کے سلسلہ میں عالمی برادری کے ساتھ شریک ہے۔ 25 مئی 1963ء کو افریقی یونین (تب کیو اے یو) کے قیام کے حوالہ سے یہ دن دنیا بھر میں نوآبادیاتی نظام سے نجات اور افریقہ کی وسیع ثقافت، تہذیبی کردار، شاندار اقتصادی مواقع اور انسانی ترقی کے تمام شعبوں میں مؤثر اقدامات کیلئے افریقی عوام کی تاریخی جدوجہد کے سلسلہ میں منایا جاتا ہے اور پچھلے سال سب سے بڑے تجارتی بلاک میں افریقن کانٹینٹل فری ٹریڈ ایریا کے قیام کیلئے تاریخی معاہدے کے سلسلہ میں ایک بڑی پیشرفت ہوئی۔

(جاری ہے)

افریقی یونین کے 57 سال پورے ہونے پر پاکستان تمام برادر افریقی ممالک کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ افریقی یونین ایک متحد روشن مستقبل کی حامل اور مشترکہ اقدار اور خوشحالی کیلئے لاکھوں افریقی عوام کی خواہشات اور امیدوں کا نمونہ ہے۔ اس سال یوم افریقہ کوویڈ۔19 کی وباء کے دوران منایا جا رہا ہے جس سے افریقی ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں، یہ وباء انسانیت کیلئے ایک چیلنج اور افریقی یونین اور اس کے رکن ممالک بھی اس مشترکہ دشمن سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

پاکستان کی افریقی دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ دوستانہ تعلقات، باہمی حمایت اور مفید تعاون کی ایک طویل اور شاندار تاریخ ہے، تاریخی طور پر نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی کی جدوجہد، نسلی امتیاز کے خاتمہ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور تربیتی پروگراموں اور اقدامات کے ذریعے استعداد بڑھانے کے سلسلہ میں پاکستان نے افریقی ممالک کی مدد کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کو 1960ء کی دہائی سے افریقہ میں امن و سلامتی کیلئے اپنے کردار پر بھی فخر ہے۔ اقوام متحدہ کے تحت خواتین امن کارکنوں سمیت پاکستانی خطہ میں امن برقرار رکھنے اور امن کے قیام کی کوششوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی کے وژن کی روشنی میں پاکستان نے سیاسی و سفارتی روابط مضبوط بنانے، باہمی مفید تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، ثقافتی اور عوامی وفود کے تبادلوں میں اضافہ کے ذریعے افریقی خطہ کے ساتھ انگیج افریقہ اقدام کی نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس اقدام کو عملی شکل دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے افریقہ میں پاکستان کی سفارتی رسائی اور موجودگی میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نیروبی میں رواں سال جنوری 2020ء میں ہونے والی پہلی کامیاب پاکستان۔افریقہ تجارتی کانفرنس کے ذریعے اس خطہ میں دوطرفہ تجارتی مواقع اور سرمایہ کاری روابط اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں نئی جہتوں تک لے جانے کی مشترکہ خواہش پر زور دیا گیا۔

جیسا کہ دنیا یوم افریقہ 2020ء کوویڈ۔19 وباء سے نمٹنے کے وقت میں منا رہی ہے اور پاکستان اس موقع پر امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے افریقی عوام کی خواہشات اور قابل قدر کاوشوں میں مکمل یکجہتی اور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، ہم اس عزم کو بھی دہراتے ہیں کہ مضبوط تر پاکستان۔افریقہ شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا جس سے ہمیں مشترکہ مقاصد پر پیشرفت اور اپنے برادرانہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔