سعودی عرب میں کورونا کے 1931 نئے کیسز سامنے آ گئے

مملکت میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 76,726ہو گئی، مزید 12مریض جان کی بازی ہارگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مئی 2020 18:46

سعودی عرب میں کورونا کے 1931 نئے کیسز سامنے آ گئے
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے 1931 نئے کیسز کا اضافہ ہو گیا ہے ، جس کے بعد مملکت میں کورونا کا نشانہ بننے والوں کی مجموعی گنتی 76,726 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحتمملکت میں کورونا سے مزید 12مریض جان کی بازی ہارگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 411 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے مزیدمریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اس طرح اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 48,450 ہوگئی ہے۔ مملکت میں اس وقت زیر علاج کورونا مریضوں کی گنتی 27,826ہے جن میں سے 384 کی حالت نازک ہے۔سعودی عرب میں حالیہ رجحانات کے عین مطابق 73 فی صد نئے مریض مرد حضرات ہیں اور 27 فی صد خواتین ہیں۔ان تمام میں 41 فی صد سعودی شہری ہیں اور 59 فی صد غیرملکی شہری ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مکہ کے علاوہ پورے سعودی عرب میں 21 جون تک کرفیو کے اوقات میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔

دوسری جانب سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 28 مئی سے اپنی حکمت عملی کے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ یہ نئی حکمت عملی دو ستونوں پر مبنی ہے۔ اوّل، صحت کے نظام کی تشویش ناک کیسوں کے علاج کی صلاحیت۔ دوم، ٹیسٹ اور ابتدائی مرحلے میں تشخیص کی پالیسی۔

توفیق الربیعہ نے کہا کہ '' پہلے سے اختیار کردہ پیشگی حفاظتی اقدامات کی بدولت ہمیں کرونا وائرس کے پھیلنے کی شرح پر قابو پانے اور اس کے لیے تیاری کا موقع ملا ہے۔ گذشتہ عرصہ کے دوران میں ہم نے کمیونٹی میں شعور اجاگر کیا ،صحت عامہ کے نظام کا تحفظ کیا، لیبارٹریوں کی صلاحیت دْگنا کردی ، انتہائی نگہداشت کے لیے کمرے بنائے گئے اور وینٹی لیٹرز مہیا کیے گئے۔