ٹی وی اور تھیٹر کی معروف بھارتی اداکارہ 25 سالہ پریکشا مہتا نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کرلی

پریکشا مہتا سے 10 دن قبل بھی ایک بھارتی نوجوان اداکار نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کرلی تھی خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بھی ممکنہ طور پر مالی مسائل کی وجہ سے خودکشی کی ہوگی، میڈیا رپورٹ

بدھ 27 مئی 2020 15:02

ٹی وی اور تھیٹر کی معروف بھارتی اداکارہ 25 سالہ پریکشا مہتا نے نامعلوم ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) ٹی وی اور تھیٹر کی معروف بھارتی اداکارہ 25 سالہ پریکشا مہتا نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کرلی۔پریکشا مہتا سے 10 دن قبل بھی ایک بھارتی نوجوان اداکار نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کرلی تھی۔پریکشا مہتا سے قبل 15 مئی کو نوجوان سکھ اداکار من میت گریوال نے بھی خود کو لٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، وہ لاک ڈاؤن ہونے کے بعد مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے اور ان کی اہلیہ بھی انہیں چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔

من میت گریوال بھی ڈراموں اور تھیٹر کے اداکار تھے جبکہ وہ اشتہارات سمیت مختلف گانوں میں بھی پرفارمنس کر چکے تھے۔ان کی خودکشی کے بعد 10 دن بعد نوجوان اداکارہ 25 سالہ پریکشا مہتا نے بھی خود کو لٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار میڈیاکے مطابق پریکشا مہتا نے ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں اپنے گھر میں خودکشی کرلی، وہ بھی لاک ڈاؤن ہونے کے بعد گھر تک محدود رہ گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق فوری طور پر پریکشا مہتا کی خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بھی ممکنہ طور پر مالی مسائل کی وجہ سے خودکشی کی ہوگی۔پریکشا مہتا کیریئر بنانے کے لیے مدھیا پردیش سے مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی منتقل ہوگئی تھیں اور انہوں نے کرائم پیٹرول، تو عاشقی، لال عشق اور میری درگا جیسے ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے جب کہ وہ اس دوران تھیٹر میں بھی کام کرتی دکھائی دیں۔

پریکشا مہتا نے اکشے کمار کی فلم پیڈمین میں بھی کردار ادا کیا جبکہ وہ متعدد گانوں میں ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں، علاوہ ازیں انہوں نے اشتہارات میں کام کرنے سمیت فیشن شوز میں بھی جلوے بکھیرے۔پریکشا مہتا سوشل میڈیا پر بھی متحرک تھیں اور آئے دن اپنی تصاویر اور مصروفیات کے حوالے سے کچھ نہ کچھ شیئر کرتی رہتی تھیں۔بھارت میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے بعد وہ ممبئی سے اندور منتقل ہوگئی تھیں اور کئی دن سے گھر تک ہی محدود تھیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی مالی مسائل کا شکار ہوچکی تھیں، تاہم اس حوالے سے ان کے اہل خانہ اور پولیس نے فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی۔

پریکشا مہتا نے خودکشی کرنے سے قبل اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ سب سے برا ہوتا ہے سپنوں کا مر جانا اور اس سے قبل بھی اداکارہ نے کچھ مایوسی بھری پوسٹس شیئر کی تھیں۔پریکشا مہتا کی خودکشی پر متعدد بھارتی اداکاروں نے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ابھرتے ہوئے فنکاروں کی ذہنی صحت اور مالی معاملات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔