حکومت کاروبار ی مراکز کے اوقات کار پر تاجروںکی مشاورت سے فیصلہ کرے، مرکزی صدرآل پاکستان انجمن تاجران

بدھ 27 مئی 2020 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت عیدالفطر کے بعد کاروبار ی مراکز کے اوقات کار کے حوالہ سے تاجروں سے مشاورت کرکے اتفاق رائے سے اعلان کرے، دوبارہ لاک ڈائون کی خبروں سے تاجر تذبذب کا شکار ہیں اور ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اس لئے حکومت فی الفور اس حوالے سے وضاحت کرکے ابہام کو دور کرے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئے گئے طویل لاک ڈائون نے تاجروںکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور وہ ابھی تک نقصانات کا ازالہ نہیں کر سکے اس لئے تاجر اور ہماری معیشت دوبارہ ایسے کسی فیصلے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوںنے کہا کہ عیدالفطر پر بھی تاجروںکو کاروبار میں رکاوٹوںکا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے گزشتہ سالوںںکے مقابلہ میں امسال عیدالفطر پر 35 سے 40 فیصد کاروبار ہو سکا ہے اور تاجر اپنی ادائیگیاں کرنے کے قابل بھی نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں سے رابطے کرکے آئندہ کے حوالہ سے حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے اور وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے سمیت اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر سکیں۔