ساہیوال، ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں رکشہ ڈرائیور سمیت 2افراد جاں بحق، کمسن بچہ شدید زخمی

بدھ 27 مئی 2020 19:09

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں رکشہ ڈرائیور سمیت 2افراد جاں بحق‘کمسن بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ پہلا حادثہ ساہیوال شہر میں بلڈنگ دفترکے سامنے پیش آیا یہاں تیز رفتارٹرالر اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں خواجہ عارف کا رہائشی رکشہ ڈرائیور نوید انجم کچلا گیا جس کاجسم دو تین حصوں میں بٹ گیا۔

حادثہ کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرارہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

دوسرا حادثہ جی ٹی روڈ پر گیمبر کینٹ کے قریب پیش آیا یہاں تیز رفتار کار کے ڈرائیور نے ایک سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کاملازم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔ حادثہ کے بعد کارڈرائیور کار سمیت فرارہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کردی ۔ تیسر ا حادثہ نواحی گائوں میں 82/6-Rمیں ہوا ۔ یہاں تیز رفتارنامعلوم موٹرسائیکل سوار ون ویلنگ کررہا تھا کہ گلی میں کھیلتے ہوئے کمسن بچے سبحان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ موٹرسائیکل سوار فرار ہو گیا ۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔