بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار ہوگئی

جمعرات 28 مئی 2020 11:44

بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، متاثرین کی تعداد ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ملک میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کوروناوائرس کے مریضوں میں جزوی کمی کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر مریضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 6566 نئے مریضوں کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 158333 تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس دوران بھارت میں کورونا سے مزید 194 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 4534 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک کورونا سے 158333 لوگ متاثر اور4531 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ بھارت میں ریاست مہاراشٹر وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2190 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے ریاست میں اب تک متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 56948 ہو گئی ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں وائرس سے اب تک 1897 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔