گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق کی ہائی پرفارمنس سنٹر میں تقرریاں

جمعرات 28 مئی 2020 13:25

گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق کی ہائی پرفارمنس سنٹر میں تقرریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تقرری کا ا علان کر دیا ہے۔ یہ تقرریاں، ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں جس کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند سپورٹ سٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب، 2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ لمز سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے، عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز منیجر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تینوں تقرریاں، تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہیں۔ اس میں امیدواروں کی جانب سے تیار کی گئی پرزینٹیشنز اور پھر ایک اعلیٰ سطحی پینل( جس میں کرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھی) کا ان امیدواروں کا انٹرویو لینا شامل ہے۔

(جاری ہے)

گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018ء سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 1990ء سے 2001ء تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوزی لینڈ مینز اے اور انڈر۔19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔گرانٹ بریڈ برن، لیول تھری کوچ ہیں۔

وہ اس نئے عہدے پر ملک بھر کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سپورٹ سٹاف کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ وہ نئے طریقوں کو رائج کرنے کے ساتھ ساتھ انفرادی تعلیم اور بہترین نظام کے تحت ایک کامیاب ماحول پیدا کرنے میں شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کوچز کی ترقی میں معاون ثابت ہونے والے ایک ایسا نظام ترتیب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں جو مستقبل میں اپنی آراء کی تشخیص میں مدد فراہم کرے گا. ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995ء سے 2004ء پر محیط رہا۔

ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹرز بن سکیں۔ ثقلین مشتاق کو "دوسرا" کا موجد کہا جاتا ہے۔ 18 برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ انہوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے۔

وہ اپنی باؤلنگ میں اس قدر مؤثر تھے کہ انہوں نے 1 سال اور 225 دنوں میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ اب تک ان کے علاوہ کوئی اور باؤلر 2 سال سے کم عرصے میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ ثقلین مشتاق لیول تھری کوچ بھی ہیں۔ ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ وابستگی اور تعلقات قائم رہنا ان کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ماہر کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ کام کرنے کو اعزاز سمجھتے ہیں اور انہیں احساس ہے کہ اس ملک میں کھیل سے متعلق حیرت انگیز صلاحیتوں اور جنون کا جذبہ موجود ہے۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ اب ان کا مقصد اپنے موجودہ اور مستقبل کے کوچنگ کی مہارت کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نیکہا کہ وہ کوچز کو اس قابل بنانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک ایسا ماحول قائم کر دیں جو دنیا کے عظیم کھلاڑی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جیت کی طرف گامزن کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بدلے یہ قابل فخر قوم کرکٹ کوچنگ کے وسائل میں خود پر انحصار کر سکے جو دنیا اور پاکستان دونوں کے لیے منفرد ہو۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ انہوں نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے دیگر اراکین کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں اور وہ ان کی بصیرت، نقطہ نظر اور حکمت عملی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنی معنی خیز شراکت داری کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسا ماحول پیدا کرنے میں کامیابی کی خواہش رکھتے ہیں جو کوچز کے لیے چیلنجنگ، مفید اور صلہ مند ثابت ہو۔

اپنی تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے اور وہ اس پیشکش پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پیشکش کے ذریعے انہیں نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے اور ان کے کیرئیر کو مزید نکھارنے کا موقع مل رہا ہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ ماضی میں وہ کئی کرکٹرز کے ساتھ مل کر ان کے کھیل میں بہتری لانے کے لئے کام کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے علم کو دوسروں تک پہنچانے اور پی سی بی کے بینچ مارک کو اوپر لے جانے میں مدد کرنے کے لئے پرامید ہیں۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ بلاشبہ انہوں نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے قبل بہت سے پہلوؤں پر غور کیا تھا۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ پی سی بی کی حکمت عملی انہیں درست سمت میں کام کرتی دکھائی دیتی ہے اور لاہور کے ہائی پرفارمنس کی ٹیم کو جوائن کرنے اور پاکستان کرکٹ کو اس کے سنہری دور میں واپس لے جانے کے لئے یہ ایک بہترین وقت ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان کی کرکٹ کا دل ہے جو بالآخر پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا۔ وسیم خان نے کہا انہیں خوشی ہے کہ وہ اس کی تشکیل، بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں جدت لانے اور اسے معیار کے مطابق حیثیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر کے لئے ایک ایسی تجربہ کار ٹیم بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جو اپنے ساتھ وسیع بین الاقوامی تجربہ اور علم لا رہی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کا مقصد قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میں پہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا ہے، اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا وہ پر اعتماد ہیں کہ ندیم خان، گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق مل کر ایسے پروگرامز اور نظام متعارف کروائیں گے، جس سے ہائی پرفارمنس سنٹر کے نئے مقاصد ترتیب دیئے جائیں گے جو بالآخر اسے سنٹر آف ایکسلینس اور پی سی بی کے ماتھے کا جھومر بنائیں گے۔پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں گرانٹ بریڈ برن کے متبادل کا فیصلہ جلد کر دے گا۔