لاک ڈائون سے متاثرہ ایئرلائنز کیلئے 123 ارب ڈالر کے حکومتی وعدے، 67 ارب واپس ادا کرنے ہوں گے، آئی اے ٹی اے

جمعرات 28 مئی 2020 14:22

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی ای) نے کہا ہے کہ دنیا کی مختلف حکومتوں نے کورونا لاک ڈائون سے متاثرہ فضائی کمپنیوں کو 123 ارب ڈالر فراہم کرنے کا عہد کیا ہے جن میں سے 67 ارب ڈالر واپس کرنے ہوں گے۔یہ بات ایاٹا کے چیف ایگزیکٹو الیگزینڈر ڈی جنیاک نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ بعض حکومتوں نے اپنی کورونا متاثرہ ایئرلائنز کو سہارا دینے کے لیے مناسب اقدامات کیے ہیں تاہم ان کے وعدہ کیے گئے 123 ارب ڈالر کے پیکج میں سے 67 ارب ڈالر واپس ادا کرنے ہوں گے، باقی رقم میں سے 34.8 ارب ڈالر بطور اجرت سبسڈی، 11.5 ارب ڈالر ایکویٹی فنانسنگ اور 9.7 ارب ڈالر بطور ٹیکس ریلیف شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج ان ایئرلائنز کو رواں دواں رکھنے میں مدد ملے گی تاہم آئندہ چیلنج ان کے امدادی پیکج کے تحت بڑھنے والے قرضے کے بوجھ تلے دبنے سے روکنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایئرلائنز کو پیکجز کی فراہمی میں عدم مساوات کا سامنا ہے، شمالی امریکا میں ایئرلائنز کو 2019 ء کی کل آمدنی کے 25 فیصد، یورپ میں 15 فیصد، اور ایشیا پیسفک میں 10 فیصد دینے کا وعدہ کیا گیا جبکہ افریقا اور مشرق وسطیٰ میں 1.1 فیصد، اور جنوبی امریکا میں یہ وعدہ صرف 0.8 فیصد کے برابر ہے،تاہم آسٹریلیا، برطانیہ، اٹلی، تھائی لینڈ اور ترکی نے اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔