یورپی ممالک نے کورونا کے مریضوں پر ملیریا کی دوا کا استعمال روک دیا

جمعرات 28 مئی 2020 20:09

یورپی ممالک نے کورونا کے مریضوں پر ملیریا کی دوا کا استعمال روک دیا
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) یورپی ممالک نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے ملیریا کی دوا کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔عرب میڈیا کے مطابق یورپی ممالک کی حکومتوں نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے محتاط انداز میں استعمال کی جانے والی ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کو کووڈ 19 کے مریضوں پر استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت بھی کورونا کے علاج کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے کلینیکل ٹرائل کو روکنے کی ہدایت دے چکا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور یورپی ممالک کی جانب سے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے استعمال کو روکنے سے کورونا کے علاج کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا کے مریضوں پر ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے استعمال کی اجازت دی تھی اور انہوں نے انکشاف بھی کیا تھا کہ وہ خود بھی کورونا سے بچنے کے لیے یہ دوا استعمال کررہے ہیں تاہم امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے مخصوص کیسز میں دوا کے استعمال کی اجازت دی تھی۔