کورونا وائرس سے ترقی پذیرممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے، عمران خان

ترقی پذیرملکوں کی امداد میں اضافہ ہونا چاہیے، نائیجریا، ایتھوپیا اور مصرکے بھی ہمارے جیسے مسائل ہیں، پاکستان نے کورونا کے اثرات سے بچنے کیلئے8ارب ڈالر کا معاشی پیکج دیا۔ وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کے عالمی ورچوئل اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 مئی 2020 19:25

کورونا وائرس سے ترقی پذیرممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہوئے، امیر ممالک غریب ممالک کی مالی معاونت کریں، نائیجریا، ایتھوپیا اور مصرکے بھی ہمارے جیسے مسائل کا سامنا ہے، کورونا وائرس عالمی مسئلہ ہے، اس کا حل بھی پوری دنیا کو نکالنا ہوگا، پاکستان نے عوام کو کورونا کے اثرات سے بچانے کیلئے8 ارب ڈالرپیکج دیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے تحت عالمی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کا مسئلہ ہے، وائرس کے پھیلاؤ سے پوری دنیا کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ یہ عالمی مسئلہ ہے اس لیے اس سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح کے حل کی ضرورت ہے۔ جب پاکستان میں کورونا آیا تو ہم نے بھی دنیا کی طرح لاک ڈاؤن کیا، جس سے 22 کروڑ آبادی متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

لیکن 15کروڑ افراد کورونا سے معاشی لحاظ سے شدید متاثرہوئے۔ نان فارمل سیکٹر، ڈیلی ویجز، دیہاڑی دار مزدورجو اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں، ان طبقات کو سہارا دینے کیلئے ہم نے پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا ریلیف پروگرام قائم کیا، ہم نے 8 ارب ڈالر کا معاشی پیکج قائم کیا۔ جس میں معاشرے کے زیادہ تر طبقے کو نقد رقم دے کر مدد کی گئی۔ لیکن مسئلہ ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہماری برآمدات، ترسیلات زر متاثر ہوئیں۔

اس کیلئے ہم نے 8ارب ڈالر کا معاشی پیکج بنایا۔ جو کہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ جیسا کہ امریکا نے تین کھرب ڈالر، جرمنی کھرب ڈالر، یورپ ، جاپان نے بھی ایک ایک کھرب ڈالر کا معاشی ریلیف پیکج دیا۔ اگراس کا جمع کیا جائے تو صرف ان ترقی یافتہ ممالک نے7 کھرب ڈالراپنی عوام اور معیشت کر سہارا دینے کیلئے خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لاک ڈاؤن کے دوران کورونا وائرس کے اثرات سے بچنے کیلئے بلین ٹری پروگرام اور دوسرے پروگرام کے پیسے کو اس معاشی پیکج کیلئے خرچ کیا۔

ترقی پذیر ممالک معاشی لحاظ سے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے ترقی پذیر ممالک کی معاونت کریں۔ ترقی پذیر ملکوں کی امداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نائیجریا، ایتھوپیا اور مصر کے وزیراعظم سے میری بات ہوئی۔ ان ممالک کوبھی ہمارے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف جی 20 ممالک کےاقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اجلاس کے انعقاد پرکینیڈا، جیمیکا، یواین سیکریٹری جنرل کے شکرگزار ہیں۔