حکومت کورونا سے اموات کی اصل تعداد نہیں بتا رہی، وزیر صحت عوام کو کورونا وائرس کے متاثرین کے حوالے سے سچ بتائیں‘عماریوسف

جنرل ہسپتال میں100 سے زائد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا خطرناک ہے، حکومت کا شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ انتہائی غلط تھا‘صدر وائے ڈی اے

جمعہ 29 مئی 2020 15:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی ای)نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کورونا وائرس سے اموات کی اصل تعداد نہیں بتا رہی، وزیر صحت عوام کو کورونا وائرس کے متاثرین کے حوالے سے سچ بتائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عمار یوسف نے کہاکہ 90 سے زائد ڈاکٹر اور 10 سے زیادہ نرسیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں100 سے زائد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا خطرناک ہے، ڈاکٹر ثنا فاطمہ ڈاکٹرز ہسپتال میں کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔ڈاکٹر عمار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت کا شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ انتہائی غلط تھا، ہماری تنظیم کے متعدد عہدیداران بھی اس موذی وبا سے متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار ڈاکٹر ارسلان بٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے مگر پلازمہ تھراپی پر پنجاب حکومت نے کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وائے ڈی اے جنرل ہسپتال اب اپنے طور پر ایک پورٹل بنا رہی ہے، اس پورٹل میں کورونا پازیٹو ہو کر صحت مند ہونے والے افراد کے نمبر محفوظ ہوں گے۔ڈاکٹر ارسلان بٹ نے کورونا وائرس کا شکار ہوکرصحت مند ہونے والے افراد سے گزارش کی کہ پلازما عطیہ کریں۔