بجلی کی قیمت میں مناسب کمی کی جائے، صدر اسلام آباد چیمبر

جمعہ 29 مئی 2020 19:09

بجلی کی قیمت میں مناسب کمی کی جائے، صدر اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی ائی) کے صدر محمد احمد وحید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں مناسب کمی کی جائے جس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی، کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں سہولت ہو گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے تاکہ پیداواری سرگرمیوں کی لاگت ہو گی۔

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تھی جو ایک قابل تعریف فیصلہ تھا جب کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی تجویز کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں بھی مناسب کمی کرے جس سے پیداواری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ہماری برآمدات کو زیادہ مسابقتی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو غیرمعمولی نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے ہماری کمزور معیشت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کا بہترین حل صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ بجلی کی قیمت پیداواری لاگت کا ایک بڑا جزو ہے، بجلی کے نرخوں کو کم کرنے سے پیداواری لاگت میں کمی آجاتی ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کی بہتر بحالی ہوتی ہے