سیکرٹری فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف ڈاکڑ محمد سعید جمالی نے کوئٹہ میں میاں غنڈی تفریحی پارک کا دورہ

ہفتہ 30 مئی 2020 00:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) سیکرٹری فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف ڈاکڑ محمد سعید جمالی نے کوئٹہ میں میاں غنڈی تفریحی پارک کا دورہ کیا۔ سیکریٹری کے ہمراہ محکمہ کے آفیسران جن میں چیف کنزرویٹر (نارتھ) ریجن عبدالجبار، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکڑ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف علی عمران ڈپٹی کنزویٹر فاریسٹ کوئٹہ ریجن فواد صدیقی ڈی سی فاریسٹ مسکین شاہ میاں غنڈی تفریحی پارک شامل تھے۔

سیکریٹری نے مذکورہ پارکوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے میاں غنڈی تفریحی پارک میں موجود جانوروں کے پنجرے، پرندوں کے پنجرے، نرسری، پارک آفس کی عمارت، پارک کے لان اور ٹریکس وغیرہ کا معائنہ کیا اور ان سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ انہوں نے چیف کنزرویٹر فاریسٹ عبدالجبار کے ہمراہ میاں غنڈی نیشنل پارک کا تفصیلی دورہ کیا اس کے علاوہ میاں غنڈی نیشنل پارک کی حدود میں موجود درختوں اور جانوروں کے بارے میں بھی سیکریٹری کو معلومات دی گئی، سیکریٹری فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف ڈاکٹر محمد سعید جمالی نے مہیا کی گئی معلومات کو سراہا اور مجموعی طور پر پارکوں کی بہتری کے لئے ہدایات جاری کیں جن میں سٹاف کی حاضری، صفائی کا نظام، ٹریکس کی بحالی وہمواری اور عوام کی سہولیات کا خیال رکھنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری نے متعلقہ آفیسران کو پارک کے مسائل سے متعلق ایک جامع رپورٹ دوہفتوں کے اندر جمع کرنے کی ہدایت کی جس کے متن میں پارک کے نظام آبیاری اور جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال سرفہرست ہیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پارکوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ پارکوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دورہ کی طرح آئندہ بھی حکام بالا کی جانب سے سرپرائز دورے کئے جائیں گے تاکہ ان پارکوں کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے سیکڑیری فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف کو وزیر اعظم عمران خان کے جاری بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت جاری شجرکاری مہم کی بھی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :